ڈانڈیلی، 16/ ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے گاندھی نگر میں زیر تعمیر عمارت کی پانی کی ٹنکی سے سنیل کنجار بٹ کے 6 سالہ گم شدہ بیٹے ایش کی لاش برآمد ہونے کے بعد بچے کی موت کے تعلق سے شکوک شبہات سننے میں آ رہے ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کے ڈی جے کی آواز سن کرایش باہر گیا تھا ۔ اس کے بعد وہ گھر نہیں لوٹا تو ماں باپ نے اس کی تلاش شروع کی ۔ جب بچے کا کہیں بھی اتہ پتہ نہیں چلا تو مقامی کونسلر رکمینی باگاڈے نے موقع پر پہنچیں اور انہوں نے قریب میں زیر تعمیر عمارت کے مالک راجو کامبلے کو طلب کرکے اس عمارت کا جائزہ لیا ۔ پھر جب عمارت کے اوپر موجود پانی ٹنکی پر ڈھانپ کر رکھی گئی پلائی اووڈ کی شیٹ ہٹائی گئی تو اس میں گم شدہ بچے کی لاش پائی گئی ۔
اس تعلق سے کاونسلر رکمینی نے پریس والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی لاش جس طرح پانی کی ٹنکی میں ملی ہے اس سے بچے کی موت کے بارے میں شکوک پیدا ہو رہے ہیں ۔ اگر بچہ حادثاتی طور پر پانی کی ٹنکی میں گرا تھا تو ٹنکی کھلی رہنی چاہیے تھی ۔ ٹنکی پلائی اووڈ کی شیٹ سے ڈھکی رہنے کی وجہ سے بچے کی موت کو حادثاتی موت نہیں کہا جا سکتا ۔
ڈانڈیلی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال میں روانہ کیا ۔ اس ضمن میں مشکوک موت کا کیس درج کر لینے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔